ہندوستان کھلے متوازن اور ہند۔بحرالکاہل علاقہ کا خواہاں :وزیرخارجہ ہندجئے شنکر

   

سنگاپور۔9ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان ایک کھلے ، متوازن ، سب کو ساتھ لے کر چلنے والے ہند۔بحرالکاہل علاقہ کا خواہاں ہیں ۔ وزیرخارجہ ہندوستان ایس جئے شنکر فی الحال سنگاپور کے دورہ پر ہیں اور وہ ہند۔سنگاپور چوٹی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں تقریر کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ اس علاقہ میں دفاعی شراکت داری پر کسی کی اجارہ داری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ترجیحات ہندوستان کے اور دیگر ممالک کے معاہدوں پر اپنا اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور انہیں بین الاقوامی صورتحال پیش نظر رکھتے ہوئے ایسی شراکت داری کرنی پڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی سیاست ، چین کا عروج اور اقوام متحدہ اور چین کی تیز رفتار مسابقت ، مختلف شعبوں میں بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ صدی ایشیاء کے عروج کی صدی ہے لیکن ہمیں بہت سے چیلنج درپیش ہیں جن پر قابو پانا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم ہند نریندر مودی کی بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے پہلے ہی مشرق کی طرف دیکھو پالیسی کا آغاز کر کے اس کا ثبوت دے دیا ہے ۔ان کا تبصرہ ایک ایسے وقت منظر عام پر آیا ہے جب کہ چین بحرالکاہل کے علاقہ میں بزوربازو دیگر ممالک کے ساتھ دفاعی شراکت داریاں قائم کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سیاست طاقت سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے یاد دہانی کی کہ ہند۔سنگاپور قیادت کئی صدیوں سے رشتے استوار رکھتی ہے جب کہ ہندوستان کو ادائیگیوں کے شدید بحران کا سامناتھا ۔ معاشی اصلاحات کی وجہ سے دنیا میں تبدیلیاں آرہی تھیں ،سرد جنگ کا دور ختم ہوچکا تھا ۔