ہندوستان کی آج ارجنٹینا کیخلاف کوارٹرفائنل پر نظریں

   

ٹوکیو : ہندوستانی ہاکی ٹیم کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں ٹوکیو اولمپکس کے کوارٹر فائنل میں رسائی پر اپنی نظریں مرکز کرلی ہیں لیکن دفاعی چمپیئن ارجنٹینا کیخلاف کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا اور یہ اس کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ۔ جمعرات کو کھیلے جانے والے اس مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ نہ صرف ہندوستانی ٹیم کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے بلکہ دفاعی چمپیئن ارجنٹینا کیخلاف حاصل ہونے والی کامیابی سے اس کے حوصلے کافی بلند ہوں گے ۔ عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز ہندوستانی ٹیم نے تین مقابلوں میں دو فتوحات حاصل کرتے ہوئے پول اے میں نہ صرف دوسرے مقام پر فائز ہے بلکہ اطمینان بخش موقوف میں موجود ہے کیونکہ اسے تین مقابلوں میں صرف ایک مرتبہ عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔ آسٹریلیائی ٹیم تینوں مقابلوں میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے صدفیصد کامیابی کے ساتھ پہلے مقام پر موجود ہے۔ دوسری جانب ارجنٹینا عالمی درجہ بندی میں ساتویں مقام پر فائز ہے اور وہ ایک کامیابی ، ایک ڈرا اور ایک ناکامی کے بعد چوتھے مقام پر فائز ہے ۔ ہندوستانی ٹیم جس نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار واپسی کرتے ہوئے 3-2 کی کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد اسے آسٹریلیا کے خلاف 1-7 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی لیکن گزشتہ مقابلے میں اس نے اسپین کو 3-0 سے شکست دے کر نہ صرف ناک آؤٹ مرحلہ میں اپنی رسائی کے امکانات کو مستحکم کیا بلکہ حوصلے بلند کرنے والی کامیابی بھی حاصل کی ہے ۔ ہندوستان نے اپنا آٹھواں اور آخری گولڈ میڈل 1980 ء کے ماسکو گیمس میں حاصل کیا تھا ۔