ہندوستان کے خلاف آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم کا اعلان

   

ملبورن: ہندوستان کے خلاف 17 ڈسمبر کو شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کیلئے میزبان آسٹریلیائی ٹیم نے اپنی 17 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں باصلاحیت لیکن غیرمعروف کھلاڑی پوکوسکی اور کیمرون گرین کے علاوہ چند نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ٹم پین کی زیرقیادت معلنہ ٹیم میں فاسٹ بولر شین ابوٹ جن کے باونسر کی وجہ سے فلپ ہیوز کا انتقال ہوا تھا، انہیں شامل کیا گیا ہے اس کے علاوہ لیگ اسپنر مچل سوئپسن اور آل راونڈر مائیکل نیسر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مذکورہ غیرمعروف کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ آسٹریلیائی ٹیم کی نمائندگی کا موقع اس لئے فراہم کیا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے گھریلو کرکٹ میں غیرمعمولی مظاہرے کئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ معلنہ ٹیم میں کیمرون گرین اور ول پوکوسکی کو ٹیم میں اس لئے شامل کیا گیا ہیکہ ان کے گھریلو کرکٹ میں مظاہرے شاندار ہے۔ طاقتور ہندوستانی ٹیم کے خلاف نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو آسٹریلیائی ٹیم میں شامل کئے جانے کا مقصد بارڈر ۔ گواسکر ٹرافی کو دوبارہ حاصل کرنا ہے کیونکہ اس سے پہلی مرتبہ 2018-19ء میں ٹرافی سے اپنا قبضہ گنوانا پڑا تھا۔ آسٹریلیائی ٹیم میں سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ٹیم کا بیٹنگ شعبہ مضبوط ہوا ہے جبکہ غیرمعروف کھلاڑیوں کو موقع دیتے ہوئے ہندوستانی منصوبہ کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔