ہندوستان کے 38 میڈیکل کالجوں کی منظوری ختم

   

نئی دہلی :نیشنل میڈیکل کمیشن ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں ہو رہی لاپروائی کے خلاف سخت قدم اٹھا رہا ہے۔ ملک بھر میں کم از کم 38 میڈیکل کالجوں کی منظوری ختم کی جا چکی ہے اور تقریباً 100 میڈیکل کالجوں کے خلاف نوٹس جاری کر کے خامیوں کو ٹھیک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی میڈیکل کالجوں میں ملازمین کے ذریعہ بائیومیٹرک سسٹم پر حاضری درج نہیں کرنے سے لے کر کالج کے سیکورٹی نظام میں خامی پائی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیکل کالجوں میں ملازمین اور ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنے کے لیے نیشنل میڈیکل کمیشن کی طرف سے سخت فیصلے لیے جا رہے ہیں۔ جانچ کے دوران 38 میڈیکل کالجوں میں ملازمین کی لاپروائی اور سیکورٹی نظام میں بڑی گڑبڑی پائی گئی جس کے بعد ان کی منظوری ختم کر دی گئی۔ جن میڈیکل کالجوں کی منظوری ختم ہوئی ہے، وہ اپنی بات کمیشن کے سامنے رکھیں گے۔ این ایم سی افسر کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کالج خامیوں کو دور کرنے میں ناکام ہے تو پہلے سے رجسٹرڈ طلبا متاثر نہیں ہوں گے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمل ناڈو، گجرات، آسام، پنجاب، آندھرا پردیش، پڈوچیری اور مغربی بنگال کے کئی میڈیکل کالجوں میں خامیاں دیکھنے کو ملی ہیں اس لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔