ہند۔امریکہ انسداد دہشت گردی اور سیکورٹی تعاون کا جائزہ

   

نئی دہلی: ہندوستان اور امریکہ نے انسداد دہشت گردی اور سیکورٹی سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا ہے ۔دونوں ممالک کے سینئر حکام کے درمیان چہارشنبہ کو یہاں ہوم لینڈ سیکورٹی ڈائیلاگ منعقد ہوا جس میں مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا نے ہندوستانی اور امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کی قائم مقام ڈپٹی سکریٹری کرسٹی کینیگیلو نے امریکی وفد کی قیادت کی۔بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے انسداد دہشت گردی اور سلامتی کے مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا، جو ہندوستان-امریکہ اسٹریٹجک شراکت داری کے اہم ستون ہیں۔ دونوں اطراف نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں فریقوں نے محفوظ اور قانونی ہجرت کو یقینی بنانے ، غیر قانونی ہجرت، انسانی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، سائبر جرائم کا مقابلہ کرنے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے سائبر اسپیس کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کیے ہیں۔دونوں شریک چیئرمینوں نے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اطلاعات کے تبادلے ، صلاحیت سازی اور تکنیکی مدد اور ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈائیلاگ کے فریم ورک کے اندر قائم ذیلی گروپوں کی باقاعدہ میٹنگوں کے ذریعے باہمی فائدہ مند تعاون کو مضبوط کرنے کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں ممالک نے دوطرفہ سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانے میں معاون دستاویزات پر بھی دستخط کیے ۔