ملبورن ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ اس میچ کے اضافی اسٹینڈنگ روم ٹکٹ بھی آن لائن دستیاب ہوتے ہی فروخت ہوگئے۔ ٹکٹ 10 منٹ میں فروخت ہوگئے۔ اس بات کا انکشاف ورلڈ کپ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ بیان میں کیا گیا۔ ورلڈ کپ کے حکام نے کہا ہے کہ اب تک اس ایونٹ کے 6 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ 23 اکتوبر کو ملبورن کرکٹ گراونڈ میں ہونے والے ہند۔ پاک میچ کے لیے 90 ہزار سے زائد تماشائی اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔علاوہ ازیں سڈنی کرکٹ گراونڈ میں ہونے والا سوپر 12 کا افتتاحی میچ جوکہ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والا ہے وہ بھی ہاوس فل ہونے جا رہا ہے۔یادر ہیکہ گزشتہ ایک سال میں یہ چوتھا موقع ہوگا ،جب ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ گزشتہ تین میچوں میں دو میچ پاکستان اور ایک میچ ہندوستان نے جیتا ہے۔