ہند۔ جاپان دفاعی تعاون کو ملے گی نئی رفتار :راجناتھ

   

نئی دہلی، 19 نومبر (یواین آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جاپان کے ساتھ دفاعی اور سلامتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے ۔راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہندوستان اور جاپان کے وزرائے خارجہ اور دفاع کی چوتھی ’ٹو پلس ٹو بات چیت‘ کے بعد کہا کہ دونوں ممالک سمندری سلامتی، میزائل ٹیکنالوجی، زیر آب ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں تعاون کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔ دونوں فریقوں نے ہند۔بحرالکاہل خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے اس شراکت داری کو اہم قرار دیا۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سلامتی شراکت داری میں مسلسل پیش رفت ہو رہی ہے ۔ اس دوران ہندوستان میں منعقدہ ’ویر گارجین 26‘ فضائیہ کی مشق میں پہلی بار جاپان کے لڑاکا طیاروں کی شرکت کا خیرمقدم کیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ 13 اکتوبر کو ٹوکیو میں منعقدہ تیسرے ہند۔جاپان دفاعی صنعتی فورم کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ دونوں ممالک نے فضائی اور خلائی شعبوں کی نگرانی میں تعاون آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے سمندری سلامتی کے تعاون سے متعلق معاہدے کو عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے تحت سمندری اور فضائی نگرانی، تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں اور معلومات کے تبادلے میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں ممالک ’ڈیزائن ود جاپان، میک اِن انڈیا‘ کے تحت دفاعی پیداوار میں تعاون کو مضبوط بنانے کی سمت میں کام کریں گے ۔ اس کے علاوہ زیر آب، میزائل اور خصوصی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو جہازوں کی مرمت کی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور سمندری بارودی سرنگوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

علاقائی اور عالمی امور پر خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے دونوں ممالک نے بین الاقوامی قوانین کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔

ہندوستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کے قیام کے آئندہ سال 75 سال مکمل ہو جائیں گے ۔