ہند۔ جنوبی افریقہ وومنس کرکٹ سیریز ۔ آج آخری میچ

   

متالی راج کی قیادت میں ٹیم انڈیا ساکھ بچانے کوشاں
لکھنؤ: جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 3-1 سے ہارچکی میزبان ہندوستان چہارشنبہ کو سیریز کے آخری مقابلے میں ساکھ بچانے جیت درج کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔اٹل بہاری واجپائی اکانہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ سے اچھی طرح واقف ہوچکی دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ون ڈے دلچسپ رہنے کا امکان ہے ۔ اس میچ کے ذریعے جنوبی افریقہ جہاں اگلے سال ورلڈ کپ کیلئے میزبان ٹیم کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی وہیں ہندوستانی لڑکیاں میچ کو اپنے حق میں کرکے آئندہ ٹی-20 سیریز کیلئے خود کو تیارکرنے کوشش کریں گی۔کورونا انفیکشن کے دور کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم گزشتہ ایک سال سے کرکٹ کے میدان سے دوررہی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کی لڑکیوں نے پاکستان کو شکست دے کر ہندوستانی سرزمین پر قدم رکھا تھا۔ آئندہ سال نیوزی لینڈ میں کھیلے ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز کافی اہم مانی جارہی تھی۔ جنوبی افریقہ نے پانچ میچوں کی سیریز کا آغاز جیت کے ساتھ کیا وہیں ہندوستان نے دوسرا ون ڈے جیت کر سیریز برابر کی تھی ۔ حالانکہ تیسرا اور چوتھا ون ڈے جیت کر مہمانوں نے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے ۔میچ میں تجربہ کار میڈیم پیسر جھولن گوسوامی کی واپسی کا قوی امکان ہے جبکہ کچھ نئے چہروں کو بھی قطعی گیارہ میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ اس میچ میں اسمرتی مندھانا، متالی راج اور پونم راوت کو لمبے اسکور کیلئے میدان میں اترنا ہوگا وہیں ٹیم کیلئے بولنگ اور فیلڈنگ میں بہت زیادہ بہتری کی ضرورت ہے ۔گذشتہ چار میچوں کی طرح فائنل میچ میں بھی ٹاس کا کردار اہم سمجھا جارہاہے ۔ اب تک کھیلے گئے چار میچوں میں ٹاس جیتنے والی ٹیم نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے اور ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے میچ کو اپنے حق میں کیا ہے ۔ دونوں کپتان اس میچ میں بھی چاہیں گے کی اس مرتبہ قسمت ان کے ساتھ ہو جس سے میچ سے قبل کم از کم ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہو۔