ہند۔ سعودی عرب تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم

,

   

جناب زاہد علی خاں ، جناب عامر علی خاں سے نامزد سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید کی خیرسگالی ملاقات

حیدرآباد ۔ 16۔ اپریل (سیاست نیوز) سعودی عرب میں ہندوستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے آج دفتر سیاست پہنچ کر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے اور ہندوستانی تارکین وطن کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید جو سابق میں جدہ میں کونسل جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کامیاب ہونگے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ حیدرآباد میں سعودی قونصل خانہ کے قیام کیلئے وہ اقدامات کریں گے کیونکہ حکومت سعودی عرب نے قونصلیٹ کے قیام سے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور انہوں نے انڈین فارن سرویس عہدیدار کی حیثیت سے نہ صرف سعودی عرب بلکہ امریکہ اور حال ہی میں شیچلس میں ہندوستانی ہائی کمشنر کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ جناب زاہد علی خاں نے ڈاکٹر اوصاف سعید کو سعودی عرب میں سفیر کی حیثیت سے تقرر پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ نہ صرف اہل حیدرآباد کیلئے باعث افتخار ہے بلکہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں ہندوستانی تارکین وطن کیلئے خوشخبری ہے ۔

ڈاکٹر اوصاف سعید 28 اپریل کو ریاض میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں نے نئی ذمہ داری پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں تہنیت پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ہندوستان کے روابط صدیوں کی تاریخ رکھتے ہیں اور ڈاکٹر اوصاف سعید کا تقرر دونوں ممالک کے مختلف شعبوں میں مزید باہمی تعاون کیلئے مددگار ثابت ہوگا ۔ اس موقع پر سیاست سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ حکومت ہند نے انہیں سعودی عرب میں اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ سعودی عرب میں یہ ان کی تیسری پوسٹنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک اہم ذمہ داری کو اپنے لئے خوش قسمتی تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے وہ تارکین وطن کے مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دینگے ۔ عوام کیلئے ہندوستانی سفارت خانے کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ کوئی بھی بلا جھجھک مسائل کیلئے رجوع ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر جناب مجتبیٰ حسین، ڈاکٹر اوصاف سعید کے برادر نسبتی سید رضی اللہ اور ڈاکٹر شجاعت علی راشد بھی موجود تھے ۔