ہند ۔ آسٹریلیا تیسرا ٹسٹ 7 جنوری سے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں

   


سڈنی:ہندوستان اور آسٹریلیا کے بیچ چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ پہلے سے طے سڈنی کے میدان میں ہی کھیلا جائے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اتوار کے روز ایک بیان کے ذریعہ اس کی تصدیق کی۔سڈنی میں دراصل کورونا وبا کے نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے نیوساوتھ ویلس کے ساتھ ملحق سرحدکو بند کردیا ہے ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے بیچ تیسرا ٹسٹ سات جنوری سے سڈنی میں ہونا ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری ایکزیکٹیو چیئرمین نک ہاکلی نے کہا کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے بیچ تیسرا ٹسٹ میچ شروع ہونے میں ابھی دو ہفتے سے زیادہ کا وقت باقی ہے جس سے ہمیں شہر میں صحت سے متعلق حالات کا جائزہ لینے کا موقع مل جائے گا۔ ہم نے اپنے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور ہماری ترجیح سڈنی کرکٹ گراونڈ پر میچ کھیلنے پر ہے ۔ سڈنی میں دراصل گزشتہ کچھ روز میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔