ہند ۔ بحرین تعلقات کی گولڈن جوبلی

   

مناما میں تقریبات کا انعقاد۔ وزرائے خارجہ کی ملاقات
مناما: بحرین اور ہندوستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے50سال کی تکمیل پر گولڈن جوبلی تقریبات کا 12اکتوبر کو یہاں انعقاد عمل میں لایا گیا ۔بحرین اور ہندوستان کے درمیان باہمی احترام کی علامت کے طور پر باب البحرین کی مشہور عمارت کو کل ہندوستانی ترنگے کے رنگوں سے روشن کیا گیا تھا جبکہ نئی دہلی میں واقع قطب مینار سرخ اور سفید رنگ میں تھا ، جو بحرین کے پرچم کے رنگوں کی نمائندگی کرتے ہوئے لال اورسفید رنگوں سے چمک رہا تھا۔ گولڈن جوبلی کا یہ جشن دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے لحاظ سے اپنے آپ میں ایک نئی کامیابی ہے کیونکہ یہ نہ صرف ہندوستان اور بحرین کے درمیان سرکاری سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے کی علامت ہے بلکہ صدیوں پر محیط دوستی کی علامت بھی ہے ۔ بحرین جی سی سی کا رکن ملک ہے ۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الجیانی سے دوبدو ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے ٹویٹ کیاکہ ہمارے سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ پر اپنے ہم منصب سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔مناما کے لٹل انڈیا اسکوائرپر منگل کی شام ثقافتی سرگرمیاں شروع کی گئیں تاکہ مملکت بحرین اور جمہوریہ ہند کے درمیان سفارتی تعلقات کی سنہری جوبلی منائی جاسکے ۔ روشنی کی تقریب مناما سوق کے مرکزی دروازے پر منعقد ہوئی جو 1949 میں تعمیر کیا گیا تھا۔اس موقع پر بحرین کلچر اینڈ نوادرات اتھارٹی کی چیئرمین شائقہ مائی بنت محمد الخلیفہ ، انڈر سیکرٹری خارجہ امور اور انتظامی امور توفیق المنصور اور ہندوستانی سفیر پیوش سریواستو موجود تھے ۔ ان کے علاوہ ممتاز سفارت کار ، بحرین اور ہندوستانی کمیونٹی کے کارکن اور ثقافتی امور میں دلچسپی رکھنے والے دیگر افراد نے شرکت کی۔