ایئر ہوسٹس کی بیچ بچاؤ کرنے کی کوششیں ناکام
کولکتہ:سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس کو دیکھ کر ہر کوئی حیران ہے۔ ویڈیو ہوا میں اڑتے طیارہ کے اندر کی ہے جس میں گھونسے اور تھپڑبازی کے نظارے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بینکاک سے کولکاتا آ رہی ایک فلائٹ میں مسافروں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے بات اتنی بڑھ گئی کہ گھونسے اور تھپڑ بازی شروع ہو گئی۔طیارہ زمین سے ہزاروں فیٹ اوپر تھا اور کچھ مسافروں کو آپس میں لڑتے ہوئے دیکھ کر دیگر مسافر حیران و پریشان تھے۔ طیارہ ’تھائی اسمائل ایئرویز‘ کا تھا اور ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ دو شخص کے درمیان بحث و مباحثہ ہو رہا ہے۔ ان میں سے ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’’ہاتھ نیچے کر‘‘۔ کچھ ہی دیر میں دونوں مسافروں کے درمیان ہو رہی کہا سنی مار پیٹ میں بدل جاتی ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔اس درمیان ایک دوسرے سے نبرد آزما دونوں مسافروں میں سے ایک اپنا چشمہ اتارتا ہے اور دوسرے مسافر کو مارنا شروع کر دیتا ہے۔ پھر ایک شخص کا دوست بھی آ جاتا ہے اور وہ بھی دوسرے کو مارنا شروع کر دیتا ہے۔ اس درمیان ایک ایئرہوسٹس دونوں کو سمجھاتی ہوئی دکھائی دیتی ہے، لیکن جب ہاتھا پائی شروع ہو جاتی ہے تو وہ خوفزدہ ہو کر بھاگ کھڑی ہوتی ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ دوسرا مسافر ہاتھ نہیں چلاتا، وہ صرف اپنا دفاع کرتا رہتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ واقعہ 27 دسمبر کا ہے جس میں تین چار ساتھی مسافر مل کر ایک دیگر مسافر کی پٹائی کر دیتے ہیں۔نام پوشیدہ رکھنے کی شرط پر متاثرہ شخص نے بتا یا کہ اس کے ساتھ بازو کی سیٹ پر اس کی ماں تھیں اور ماں کی حفاظت کیلئے اس نے جھگڑے کو بڑھنے نہیں دیا ۔چند دن قبل بھی انڈیگو کی استنبول سے آنے والی فلائٹ میں ائیر ہوسٹس کے ساتھ ایک مسافر کی لڑائی ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔