ہوم سیزن کا مایوس کن آغاز،کوہلی کے ریکارڈزپر نظریں

   

نئی دہلی ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہوم سیزن کا بھلے ہی توقعات کے مطابق آغاز نہیں ہوا ہے جیسا کہ اسے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز میں کامیابی کی بجائے 1-1 کے ڈرا پر اکتفاء کرنا پڑا لیکن ہوم سیزن کئی ٹیموں کے خلاف ٹوئنٹی 20 اور ونڈے کے علاوہ ٹسٹ مقابلوں پر بھی مشتمل ہے جہاں کرکٹ شائقین کو میزبان ٹیم اور اس کے کپتان ویراٹ کوہلی کے کئی ایک ریکارڈس دیکھنے کو ملیں گے۔ اس کیلئے اسٹار اسپورٹس نے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ مشن2020 کا آغاز بھی کردیا ہے جس کے تحت اس کے مختلف چینلوں پر ہندوستانی ٹیم کے مقابلوں کا راست مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے بی سی سی آئی کی جانب سے ہندوستانی ٹیم کے ہوم سیزن 2019-20ء کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سیزن کا آغاز کرنے کے علاوہ بنگلہ دیش، زمبابوے، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی بھی میزبانی کرے گی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف فریڈم ٹرافی میں ٹوئنٹی 20 سیریز تو مکمل ہوچکی ہے اب 2 اکٹوبر سے تین مقابلوں کی ونڈے سیریز شروع ہوگی جس کے بعد نومبر میں بنگلہ دیشی ٹیم تین ٹوئنٹی 20 اور دو ٹسٹ مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم شرکت کرے گی۔ بنگلہ دیش کے خلاف 26 نومبر کو کولکتہ ٹسٹ کے اختتام کے بعد 6 ڈسمبر کو ویسٹ انڈیز اور ہندوستان کے درمیان ممبئی میں پہلا ٹوئنٹی 20 کھیلا جائے گا جس کے بعد 11 ڈسمبرکو حیدرآباد تیسرے ونڈے کی میزبانی کررہا ہے۔ ٹوئنٹی 20 کے بعد ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ونڈے مقابلوں کی سیریز ہوگی جس کے بعد 5 جنوری کو ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹوئنٹی 20 مقابلہ کھیلا جائے گا۔ ہند اور زمبابوے کی ٹیمیں صرف تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز میں شرکت کریں گی جس کے بعد آسٹریلیائی ٹیم ہندوستان کی مہم ہوگی جو کہ تین ونڈے کھیلے گی جس کے بعد مارچ 2020ء میں جنوبی افریقی ٹیم پھر ایک مرتبہ ہندوستان کا دورہ کرے گی اور دونوں کے درمیان تین ونڈے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ہوم سیریز کے دوران ویراٹ کوہلی کو جہاں ورلڈ کپ 2020ء کیلئے اپنی ٹوئنٹی 20 ٹیم تیار کرنی ہے وہیں وہ خود ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کے علاوہ ٹسٹ کرکٹ میں کئی ایک انفرادی ریکارڈس عبور کرسکتے ہیں۔ کوہلی اس دوران اسٹیو اسمتھ سے ٹسٹ کرکٹ میں اپنا کھویا ہوا پہلا مقام حاصل کرسکتے ہیںجبکہ ونڈے میں انہیںسچن تنڈولکر کے 49 ونڈے سنچریوں کا ریکارڈ توڑنے کیلئے 7 سنچریاں درکار ہوں گی۔ تین سنچریوں کے ذریعہ وہ رکی پونٹنگ کے بحیثیت کپتان 41 سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ سکتے ہیں۔ ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں کوہلی اپنی پہلی سنچری بھی اسکور کرنے سے دور ہیں اور امید ہیکہ ہوم سیزن میں یہ ریکارڈ بھی مکمل ہوجائے گا۔ ان تمام مقابلوںکیلئے اسٹار اسپورٹس نے مشن2020 کا نہ صرف اعلان کیا ہے بلکہ تمام مقابلوں راست نشریات کا بھی انتظام کیا ہے۔