ہیرا گروپ کی چیرمین نوہیرا شیخ کیخلاف دو مقدمات درج

   

قرق شدہ ملکیت میں داخل ہونے پر انفورسمنٹ حکام کی شکایت
حیدرآباد : /18 فبروری (سیاست نیوز) ہیرا گروپ کی چیرمین نوہیرا شیخ کے خلاف حیدرآباد پولیس نے دو مقدمات درج کرلئے ہیں ۔ فلم نگر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ایم سرینواسلو کے مطابق نوہیرا شیخ نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے قرق کی گئی ملکیت میں داخل ہوکر تلگو فلم کے مشہور پروڈیوسر بنڈلہ گنیش کے فرزند سے بحث و تکرار کرنے اور مبینہ طور پر دھمکانے کے سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ بنڈلہ گنیش کے فرزند ہیریش جنہوں نے نوہیرا شیخ کا ایک مکان واقع فلم نگر میں کرایہ پر حاصل کیا تھا ۔ ای ڈی کی جانب سے ملکیت کو قرق کرنے کے پیش نظر ہیریش نے مکان خالی کرنے کیلئے بعض شرائط رکھے جس پر نوہیرا شیخ نے اعتراض کرتے ہوئے انہیں فوری تخلیہ کرنے کیلئے کہا ۔ کرایہ پر حاصل کئے گئے مکان کو خریدنیکی بھی بنڈلہ گنیش کے بیٹے نے نوہیرا شیخ کو پیشکش کی تھی لیکن اس مکان کو فوری تخلیہ کرنے کیلئے کہا گیا ۔ اس معاملہ میں نوہیرا شیخ اور ہیریش کے درمیان بحث و تکرار ہوئی جس پر فلم پروڈیوسر کے بیٹے نے فلم نگر پولیس سے شکایت درج کروائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ہیرا گولڈ چیرمین کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ای ڈی کی قرق شدہ ملکیت میں داخل ہونے پر انفورسمنٹ کے حکام نے فلم نگر پولیس سے شکایت درج کروانے پر ایک اور مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔