ہیریس ہمیں عالمی جوہری جنگ کی طرف لے جائینگی: ٹرمپ

   

واشنگٹن : امریکہ کی نائب صدر کملا ہیریس نے آئندہ انتخابات میں صدر کے منصب کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے اپنی نامزدگی کو قبول کر لیا ہے۔انھوں نے اپنے خطاب میں ریپبلکن حریف ڈونالڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ کملا کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی واپسی انتہائی خطرناک ہو گی۔ ٹرمپ صدر کے تمام اختیارات کو محض اپنے مفاد میں استعمال کریں گے۔ کملا نے سابق صدر پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے انتہائی قدامت پسند ایجنڈے کے ذریعے ملک کو پیچھے کی جانب دھکیلنے کے خواہش مند ہیں۔ یہ پورا ایجنڈا ٹرمپ کے قریب ترین مشیر کے تحریر کردہ منصوبے ”پروجیکٹ 2025” میں موجود ہے۔دوسری جانب ٹرمپ نے کملا ہیریس کے خطاب پر تبصرے کے لیے Truth Social پلیٹ فارم پر کئی پوسٹیں کی ہیں۔ سابق صدر کا کہنا ہے کہ کملا کے زیر قیادت امریکہ کا کوئی مستقبل نہیں۔ وہ امریکہ کو تیسری عالمی جوہری جنگ کی جانب لے جائیں گی۔ٹرمپ کا مزید کہنا ہے کہ ان کا پروجیکٹ 2025 سے کوئی تعلق نہیں جس کے لیے کملا کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کے لیے خطرناک ہو گا۔امریکی چینل NBC نیوز کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیریس کا حالیہ خطاب ملکی تاریخ میں صدارتی نامزدگی قبول کرنے کے مختصر ترین خطابوں میں سے ہے۔ ان کے خطاب کا دورانیہ 37 منٹ سے کچھ زیادہ تھا۔ اس کے مقابل ڈونالڈ ٹرمپ کا ریپبلکن پارٹی کی جانب سے نامزدگی قبول کرنے کا خطاب تقریبا 92 منٹ تک جاری رہا جو ملکی تاریخ میں طویل ترین ہے