ہیلاری کلنٹن کے ساتھ کام کرنے پر تنقید ملالہ کا غزہ کے حق میں بیان

   

لندن : نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہیلاری کلنٹن کے ساتھ ایک پروڈکشن پر کام کرنے پر تنقید کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے۔ملالہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ غزہ کے لوگوں کے لیے ان کی حمایت کے بارے میں لوگ کسی ابہام کا شکار نہ رہیں۔ملالہ کے بقول وہ اسرائیلی حکومت کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتی ہیں اور کرتی رہیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ اب ہمیں جنگ بندی کی فوری ضرورت کے لیے مزید ہلاکتیں، دھماکے اور بھوکے بچے دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔نوبیل انعام یافتہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ عالمی قائدین پر جنگ بندی اور غزہ میں امداد کی فوری فراہمی پر زور دیتی رہیں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں معصوم شہریوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کے خلاف کھڑی ہوں جن میں قیدی اور یرغمالی بھی شامل ہیں۔ میں غزہ کے لوگوں کے ساتھ ہوں جن کے مطالبات سننے چاہئیں۔