یادادری مندر کیلئے آر بی آئی سے 125 کیلو خالص سونے کی خریدی

,

   

ٹاور کو سونے سے مزین کرنے کا فیصلہ، کئی کیلو سونا عطیہ دینے عوامی نمائندوں اور صنعت کاروں کا اعلان

حیدرآباد۔/20اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے یادادری مندر کے ٹاور کو سونے سے مزین کرنے کیلئے ریزرو بینک آف انڈیا سے 125 کیلو گرام خالص سونا خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تروپتی مندر کی طرح یادادری کو ترقی دینے کا پراجکٹ تیار کیا ہے جس پر تقریباً 1000 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ مندر کا ترقیاتی کام اختتامی مراحل میں ہے اور تروپتی کی طرح یادادری مندر کے مین ٹاور کو سونے سے مزین کرنے کیلئے 125 کیلو سونے کی ضرورت پڑے گی۔ چیف منسٹر نے ریزرو بینک آف انڈیا سے خالص سونے کی خریدی پر 60 تا 65 کروڑ کا تخمینہ تیار کیا ہے۔ یہ رقم عوام اور اہل خیر افراد سے حاصل کی جائے گی اور درکار رقم جمع ہوجانے کے بعد سونا خریدا جائے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بتایا کہ عطیات کی جلد تکمیل عمل میں آئے گی جس کے بعد آر بی آئی سے خالص سونا خریدا جائے گا۔ چیف منسٹر کا ڈریم پراجکٹ آئندہ سال مارچ میں عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ اسی دوران مختلف سیاسی قائدین اور صنعت کاروں نے یادادری مندر کیلئے سونے کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی و کونسل جن کا تعلق رنگاریڈی اور میڑچل ضلع سے ہے انہوں نے فی کس ایک کیلو گرام سونے کے عطیہ کا اعلان کیا ہے۔ 6 عوامی نمائندوں کی جانب سے 6 کیلو سونا مندر کیلئے دیا جائے گا۔ رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی کے علاوہ رکن کونسل کے نوین کمار، ایس راجو، ارکان اسمبلی اے گاندھی، ایم ہنمنت راؤ، ایم کرشنا راؤ اور کے پی ویویکانند نے فی کس ایک کیلو سونے کا اعلان کیا ہے۔ اسی دوران ہیتھرو گروپ آف کمپنیز کے صدرنشین پارتھا سارتھی ریڈی نے 5 کیلو سونا دینے کا اعلان کیا ہے۔ آندھرا پردیش کے وائی ایس آر کڑپہ ضلع سے تعلق رکھنے والی صنعت کار اور زیڈ پی ٹی سی رکن ایم جیا ماں نے ایک کیلو سونے کے عطیہ کا اعلان کیا۔ ایک اور صنعت کار این وی راما راجو جو جل وہار کے مالک ہیں نے یادادری مندر کیلئے ایک کیلو سونا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ پرانیت گروپ آف کمپنیز کے منیجنگ ڈائرکٹر نریندر کمار نے 2 کیلو سونے کا اعلان کیا ہے۔ ایک اور صنعتی ادارہ میگھا انجینئرنگ اینڈ انفرااسٹرکچر لمیٹیڈ نے ایک کیلو سونے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر کے دفتر کو سونے کے عطیہ کے سلسلہ میں مختلف کمپنیوں سے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔ کے این آر کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر نرسمہا ریڈی نے 2 کیلو سونے کا اعلان کیا ہے۔ر