یدی یورپا پر نابالغہ سے جنسی زیادتی کا الزام، پوکسو ایف آئی آر

,

   

بنگلورو: کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کیخلاف ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یدی یورپا کے خلاف پاکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بنگلورو کے سداشیو نگر میں پولیس نے 17 سالہ لڑکی کی ماں کی شکایت پر مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نابالغ لڑکی کے ساتھ 2 فروری کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی گئی تھی۔الزام ہے کہ نابالغ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی گئی جب وہ دھوکہ دہی کے ایک معاملے میں مدد لینے یدی یورپا سے ملنے گئی تھی۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، ایف آئی آر میں ذکر کیا گیا ہے کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر یدی یورپا نے مبینہ طور پر نابالغ لڑکی کو ایک کمرے میں گھسیٹ لیا اور پھر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔لڑکی کسی طرح وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئی اور بعد میں اپنی والدہ کو اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا۔ اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے کہا کہ ایک خاتون نے ہمارے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کے خلاف سداشیو نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی بیٹی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ اس لیے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔جب تک ہمیں حقیقت کا علم نہ ہو ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔ یہ بہت حساس معاملہ ہے کیونکہ ایک سابق وزیر اعلیٰ اس میں ملوث ہیں۔ ہمیں پولیس رپورٹ کا انتظار کرنا چاہیے۔ وزیر نے اس معاملے میں کسی سیاسی زاویے کی تردید کی اور کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس میں کوئی سیاسی زاویہ ہے۔ ہم عورت کو نہیں جانتے۔ وہ پولیس کے پاس گئی اور شکایت درج کرائی۔پولیس نے اس سے انکار نہیں کیا اور مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے تاہم یدیورپا کے دفتر نے ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ دفتر نے ماضی میں شکایت کنندہ کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمات کی فہرست بھی جاری کی ہے۔ اس فہرست میں 53 مختلف شکایات ہیں۔