یروشلم : مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کے دو الگ الگ مقامات پر بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوگئے، دھماکوں میں یروشلم کے بس اسٹیشنز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ میڈیاکے مطابق پہلا دھماکا یروشلم کے مغربی خارجی راستے میں بس اسٹاپ پر ہوا جبکہ دوسرا دھماکا کچھ فاصلے پر ایک اور بس اسٹاپ پر ہوا جہاں ایک بس کو نقصان پہنچا اور تین افراد زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق پہلے دھماکے کے آدھے گھنٹے کے وقفے سے دوسرا دھماکا ہوا تھا، دھماکے کے بعد پولیس اور فرانسک ٹیمیں جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔مقبوضہ بیت المقدس کے شائر زیڈک ہاسپٹل نے بتایا کہ پہلے دھماکے کا ایک زخمی جانبر نہ ہوسکا جبکہ ایک اور زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔حداسہ میڈیکل سینٹر کا کہنا ہے کہ پہلے دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی لائے گئے اور دوسرے دھماکے کے بعد مزید 3 افراد لائے گئے تھے۔حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوا نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام اور مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے عوام کو بس اسٹاپ پر بہادرانہ خصوصی آپریشن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔یورپی یونین میں اسرائیل کے سفیر نے کہا کہ یروشلم میں بم دھماکے انتہائی خوفناک تھے۔انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی حمایت نہیں کی جا سکتی۔‘یہ دھماکے کئی ماہ کی اس کشیدگی کا حصہ ہیں جو مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں جاری ہے۔