یروشلم : مقبوضہ بیت المقدس کی مشہور کتابوں کی دکان ’دی ایجوکیشنل بک شاپ‘ پر اسرائیلی پولیس نے چھاپہ مار کر مالک عماد منی کو گرفتار کر لیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی بغیر کسی وارنٹ کے کی گئی جس کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے سخت مذمت کی ہے۔ اسرائیل کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس کارروائی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آزادی اظہار اور کتابوں تک رسائی پر حملہ ہے۔ اسرائیلی پولیس نے کارروائی کے دوران برطانوی آرٹسٹ بینکسی، نوآم چومسکی اور ایلان پاپ سمیت مشہور مصنفین کی کتابیں ضبط کر لیں اور دکان کو سیل کرنے کا حکم جاری کیا۔ مشرقی بیت المقدس میں قائم یہ بک شاپ اسرائیل فلسطین تنازع اور یروشلم کی تاریخ پر منفرد مواد فراہم کرنے کے لیے مشہور ہے۔