عوام کو مشکلات۔ ذمہ داران کی لاپرواہی
یلاریڈی ۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی مستقر کا آر ٹی سی بس اسٹیشن جو ایک سال قبل ہی پانچ کروڑ روپئے کی کثیر رقم سے تعمیر کرنے کے بعد ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا تھا جس کے بعد مسافرین کو ایک بڑی راحت ملی۔ لیکن افسوس کے آر ٹی سی حکام کی عدم دلچسپی و لاپرواہی سے بس اسٹیشن میں مسافرین کیلئے تعمیر کئے گئے بیت الخلاؤں کو اب تک مقفل رکھا گیا ہے جس سے مسافرین کو روزآنہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ خاص کر خواتین مسافرین کو تو غیرمعمولی مشکلات پیش آرہی ہیں اور کئی مرتبہ اس تعلق سے ذمہ داران کو متوجہ کرنے کے بعد بھی کوئی فائدہ نہ رہا۔ اسقدر بے حس آر ٹی سی عہدیداروں کی کارکردگی پر عوام شدید برہمی کا اظہار کررہے ہیں ۔ پانچ کروڑ روپئے سے تعمیر کئے گئے بس اسٹیشن میں بیت الخلاء کو مقفل رکھا جانا کسی تعجب سے کم نہیں۔ رکن اسمبلی مدن موہن نے تو اس کے افتتاح پر خوبصورت بس اسٹیشن کو غریبوں کا ایرپورٹ قرار دیا تھا مگر افسوس کہ اس ایرپورٹ میں غریب کیلئے حاجت کی سہولت ہی نہیں۔ عوامی نمائندوں کو بلند بانگ تقریریں کرتے ہوئے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کا رویہ ترک کرنا ہوگا اور ان کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اُنھیں ہر بنیادی سہولت فراہم کرنے کیلئے خاص دلچسپی کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔