یمن: حوثی ملیشیا کا مآرب پر بیلسٹک میزائل حملہ

   

صنعاء : یمنی فوج نے پیر کواعلان کیا ہے کہ مآرب کے ایک فوجی علاقے میں ہتھیاروں کا ایک ڈپو حوثی بیلسٹک میزائلوں کے نشانہ بننے کے نتیجے میں تباہ ہوگیا۔یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر نے ٹوئیٹر پر مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ دھماکہ تیسرے فوجی علاقے میں ہوا۔ دریں اثنا یمنی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ہتھیاروں کے ڈپو میں مسلسل دھماکوں کے نتیجے میں ہلاکتیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ علاقے میں گولیاں چلنے کی آوازی بھی سنائی دی گئی ہیں اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اپریل کے اوائل میں اقوام متحدہ کی جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔ یہ جنگ بندی 2 اکتوبر کو ختم ہوئی تھی۔ اس کے بعد تازہ حملے سے حوثی ملیشیا کی جانب سے تشدد میں ایک نئی لہر کا آغاز ہوا ہے۔مآرب شہر کے وسط میں یہ میزائل حملہ اسی طرح کے حملے کے چند گھنٹے بعد ہوا ہے جس میں حریب گورنری کے قصبے العقیل میں شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جب کہ حکام نے ابھی تک اس میں ہونے والی ہلاکتوں کی تفصیل بیان نہیں کی ہے۔یہ حملہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی کی جانب سے جنگ بندی کی تجدید پر بات چیت کے لیے ریاض کا دورہ ختم کرنے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد بھی ہوا ہے۔