یمن میں اتحادی فوج کی بمباری میں حوثیوںکے 8قافلے تباہ

   

صنعا : یمن فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے عرب اتحادی فوج کے طیاروں کی مدد سے مآرب کے جنوب اور مغرب میں حوثیوں کے 8 حوثی قافلے اور ان میں موجود ساز و سامان تباہ کر دیا۔اس کے علاوہ یمنی فوج اور مزاحمت کاروں کی طرف سے مآرب گورنری کے جنوب میں لڑائی کے مختلف محاذوں پر فائرنگ کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے درجنوں ارکان مارے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ فوج اور مزاحمت نے جوبہ کے محاذ پر حوثی ملیشیا کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور دراندازی کرنے والے حوثی ہلاک یا زخمی ہو گئے۔ حریب کے محاذ میں یمنی فوج نے امریش میں ملیشیا کے خلاف شدید لڑائی کے دوران دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔ لڑائیوں میں فوجی دستوں کی توپ خانے سے کی گئی گولہ باری میں حوثیوں کے مستقل اڈوں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مآرب کے جنوبی محاذوں پر یمنی فوج اور حوثی ملیشیا کے درمیان شدید ترین جھڑپیں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں قیام امن کی کوششیں شدید مشکلات کا شکار ہیںاوروہاں انسانی جان کی کوئی وقعت نہیں رہی۔ اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن ہانس گرنڈبیرگ نے کہا ہے یمن میں قیام امن کی کوششیں مشکلات کی شکار ہیں۔ عالمی مندوب کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے کہ جب فضائی حملوں میں 115 حوثی باغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔