یمن میں 24 وزراء پر مشتمل حکومت کی تشکیل پر اتفاق رائے : عرب اتحاد

   

صنعا: یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے باور کرایا ہے کہ ریاض معاہدے پر عمل درامد کو تیز کرنے کے لیے مطلوبہ انتظامات پورے کر لیے گئے ہیں۔عرب اتحاد نے آج جمعرات کے روز جاری بیان میں اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ سیاسی عناصر 24 وزراء پر مشتمل نئی یمنی حکومت کی تشکیل پر بھی آمادہ ہو گئے ہیں۔ کابینہ میں جنوبی عبوری کونسل اور مختلف یمنی سیاسی عناصر تعلق رکھنے والے وزراء￿ شامل ہوں گے۔ اس حوالے سے عرب اتحاد کے ایک سینئر عہدے دار نے واضح کیا کہ معاہدے کی عسکری اور سیکورٹی شقوں پر عمل درامد کے لیے مطلوب تمام عسکری اور سیکورٹی اقدامات پورے کر لیے گئے ہیں۔مذکورہ عہدے دار کے مطابق عرب اتحاد کی مشترکہ افواج کی کمان اتحاد کے عسکری مبصرین کے ذریعے 10 دسمبر جمعرات کے روز سے مختلف امور کی نگرانی انجام دے گی۔ ان میں امن و امان کے تحفظ اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف لڑائی جیسے بنیادی مشن کے سلسلے میں عرب اتحاد کی افواج کی جانب سے سیکورٹی یونٹس کی سپورٹ شامل ہے۔عہدے دار نے مزید بتایا کہ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ معاہدے کی عسکری شقوں پر عمل درامد مکمل ہوتے ہی تشکیل کردہ حکومت کا اعلان کر دیا جائے گا۔