یورپی یونین دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کا معترف

   

اسلام آباد: یورپی کمشنر برائے امور داخلہ و نقل مکانی یلوا جانسن نے آج کہا کہ یورپی یونین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا معترف ہے ۔دفتر خارجہ میں وزیر مملکت برائے اُمور خارجہ حنا ربانی کھر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جانسن نے کہا کہ میں پاکستان میں اپنے پرجوش استقبال پر انتہائی شکر گزار ہوں۔یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان 60 سالہ تعلق ہے ، پاکستان یورپی یونین کا اہم اسٹریٹجک پارٹنر رہا ہے ، تجارت سمیت کئی شعبوں میں دونوں کے درمیان مؤثر تعلق ہے جسے ہم مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا معترف ہے ۔ سکیورٹی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مزید گہرے تعاون کی ضروت ہے ۔ جانسن نے کہا کہ افغان مہاجرین کیلئے اقدامات پر پاکستان تعریف کا مستحق ہے ، اسی طرح یورپی یونین بھی اب 45 لاکھ یوکرینی تارکین وطن کو پناہ دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے آج خوشی ہے کہ ہم یہاں ہجرت اور نقل مکانی پر بات چیت شروع کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، ہم پہلے سے موجود تعاون کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو کئی شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہے ، پاکستان اس شعبے میں اہم معاونت کر سکتا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے قانونی و غیرقانونی نقل مکانی کے درمیان فرق واضح رکھنا بھی ضروری ہے۔ اس موقع پر حنا ربانی نے کہا کہ پاکستان نے 30 لاکھ مہاجرین کو پناہ دی، میں دنیا میں اور کسی ایسے ملک کو نہیں جانتی جس نے اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کو پناہ اور دیگر سہولیات فراہم کی ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس راستے سے غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کے حوالے سے یورپی یونین کے خدشات سے پاکستان بخوبی واقف ہے ، اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں کہ براستہ پاکستان غیر قانونی تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ کم سے کم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کمشنر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں جو آئندہ برس کی پہلی ششماہی میں نقل مکانی اور ہجرت پر یورپی یونین کی جانب سے بات چیت شروع کرنے کے عزم کے ساتھ آئی ہیں۔