نئی دہلی: آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی جانب سے پریس کلب آف انڈیا نئی دہلی میں یونانی اپچار جنتا کے دوار مشن 2025 کے تحت 96 واں مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔کیمپ کا افتتاح ڈاکٹر سید فاروق نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کی انتھک کوششوں اور اس اہم کام کیلئے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ طب یونانی کے فروغ میں طبیہ کالجوں کا کردار نا قابل فراموش ہے ۔ کیونکہ یہاں نہ صرف تعلیم و تربیت کا اہتمام ہوتا ہے بلکہ ان ہی طبیہ کالجوں پر سند یافتہ یونانی ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ کرنے اور طب یونانی کے اسٹرنتھ کو بڑھانے کا انحصار بھی ہے ۔ اس کے علاوہ دوا ساز اداروں کا بھی اہم کردار ہے ۔ وہ اس لیے کہ عوام کو معیاری ادویات فراہم کرنا ان کی بہت بڑی ذمہ داری کا کام ہے ۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ مفت یونانی میڈیکل کیمپ کے ذریعے یونانی کو گھر گھر اور ہر طبقے تک پہنچانے کیلئے کامیاب کوششیں مسلسل جاری و ساری ہیں۔