یونان حادثہ ، چار پاکستانیوں کی نعشیں وطن پہنچ گئیں

   

اسلام آباد : درجنوں پاکستانی والدین کو ابھی تک نہیں معلوم کہ یونان میں ڈوبنے والے ان کے بچوں کی نعشیں یا باقیات کہاں ہیں؟ تاہم اب ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعہ چار نعشوں کی شناخت ممکن ہوئی ہے اور انہیں پاکستان واپس پہنچا دیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ وسطی بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے سینکڑوں پاکستانیوں میں سے چار کی لاشیں جمعے کو ان کے آبائی وطن پہنچا دی گئی ہیں۔ 14 جون کو یونان کے ساحل پر ڈوبنے کے بعد ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعہ ان چاروں پاکستانیوں کی شناخت ممکن ہو سکی ہے۔ اس ڈوبنے والے جہاز میں تقریباً 350 پاکستانیوں سمیت کل 700 تارکین وطن سوار تھے۔ 12 پاکستانیوں سمیت صرف 104 افراد کو ہی زندہ بچایا جا سکا تھا۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے صحافیوں کو بتایا کہ چاروں افراد کی باقیات کو لے جانے والے لکڑی کے تابوت پاکستانی دو پروازوں سے اتار کر اسلام آباد اور مشرقی شہر لاہور میں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔