یونان : دو ہیلی کاپٹرس فضاء میں ٹکراگئے

   

ایتھنس 2 اگسٹ ( ایجنسیز ) یونان میں جنگلاتی آگ کو بجھانے کی کوشش کے دوران دو ہیلی کاپٹرس فضاء میں ہی ٹکرا گئے ۔ یونان میں جنگلاتی آگ نے وسیع و عریض علاقہ کو تباہ کردیا ہے ۔ وزیر اعظم کیریاکوس متسوٹاکیس نے ملک کے عوام کو آئندہ وقت مشکل ترین ہونے کے تعلق سے خبردار کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دو ہیلی کاپٹرس کو ساتھا علاقہ میں جنگلاتی آگ بجھانے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا کہ فضاء میں ہی دونوں ٹکرا گئے ۔ اس حادثہ کے فوری بعد تلاشی اور بچاؤ ٹیموں کو فوری متحرک کردیا گیا ہے تاکہ عملہ کے ارکان کا پتہ چلایا جاسکے ۔ سرکاری میڈیا نے بتایا کہ عملہ کا ایک رکن محفوظ پایا گیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے ۔ ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹکرانے کے بعد ایک ہیلی کاپٹر شعلہ پوش ہوگیا ۔