یونان ۔ ترکی کشیدگی، مرکل کا اردغان کو انتباہ

   

ترک صدر کو نہ صرف یونان بلکہ پورے یوروپ کیساتھ مسائل کا سامنا ہوگا

ایتھنز: یونانی میڈیا کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کو باور کرایا ہے کہ یونان اپنے کسی بھی علاقے میں (تیل یا گیس کی دریافت کے لیے) کھدائی کا راستہ روکے گا۔مرکل نے اردغان کو بحیرہ روم میں جارحیت کے نتائج سے خبردار کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایتھنز کے ساتھ کسی بھی مقابلے کی صورت میں یورپ انقرہ کے خلاف کھڑا ہو گا۔جرمنی کے چینل OPEN TV کی ایک رپورٹ کے مطابق یونان اور ترکی کے درمیان صورتحال میں جرمنی نے کردار ادا کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترکی کی جانب سے یونان کی سمندری حدود میں کھدائی کے خصوصی بحری جہاز کو نہ بھیجنے کے فیصلے کے تعلق جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور ترک صدر رجب طیب اردغان کے بیچ رابطے سے ہے۔رپورٹ کے مطابق مرکل نے اردغان کو آگاہ کیا کہ یونان مذاق نہیں کر رہا ہے اور وہ اپنے علاقے میں کسی بھی قسم کی کھدائی کی کارروائی کے سامنے کھڑے ہو جائیں گے۔ مرکل نے اردغان کو دھمکی دی کہ ترک صدر کو نہ صرف یونان بلکہ پورے یورپ کے ساتھ مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مرکل نے اردغان کو دو متبادل دیئے ہیں۔ پہلی صورت یہ کہ انقرہ یونان کے لیے اشتعال انگیز موقف کو ختم کر کے یورپ کے ساتھ بات چیت کرے .. دوسری صورت یہ کہ انقرہ جرمنی اور یورپ کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرے۔یونان اور ترکی کے درمیان طویل وقت سے متعدد امور کے حوالے سے تناؤ پایا جاتا ہے۔ ان میں دونوں ملکوں کی فضائی حدود اور منقسم قبرص کی سمندری حدود کا معاملہ شامل ہے۔