یونیورسٹیز اور کالجس کے طلبہ سے راج بھون میں گورنر کی ملاقات

   

مسائل کی سماعت اور یکسوئی کا تیقن، طلبہ کو بہتر غذا اور رہائش کی سفارش
حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے عوامی مسائل کی سماعت سے متعلق اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے آج مختلف یونیورسٹیز اور کالجس کے طلبہ سے راج بھون میں بات چیت کی۔ انہوں نے طلبہ کو درپیش مسائل اور مشکلات کی سماعت کرتے ہوئے تیقن دیا کہ وہ مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کرائیں گی۔ گورنر نے کہا کہ طلبہ کو یونیورسٹیز میں کم از کم بہتر غذا اور رہائش کی سہولت حاصل ہونی چاہیئے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی تکمیل کے بعد بہتر ملازمت کو یقینی بنایا جائے۔ مختلف یونیورسٹیز اور کالجس کے طلبہ نے گورنر کو اپنے مسائل سے واقف کرایا اور تجاویز پیش کی۔ گورنر نے مسائل کی بغور اور ہمدردانہ سماعت کی اور طلبہ کو ہمت دلائی کہ وہ مسائل کے حل کے بارے میں مطمئن رہیں۔ آزادی کا امرت مہا اتسو تقاریب کے ضمن میں گورنر نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ راج بھون کی جانب سے منعقد ہونے والے تحریری مقابلوں میں حصہ لیں۔ گورنر نے طلبہ میں قومی پرچم تقسیم کیا تاکہ 13 تا 15 اگسٹ مکانات پر لہرایا جائے۔ انہوں نے آزادی تقاریب کے سلسلہ میں عوام کو واقف کرانے اور شرکت کے بارے میں شعور بیداری کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر گورنر کے سکریٹری سریندر موہن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر