یونیورسٹیز میں تقررات پر حکومت کا سخت موقف

   

وائس چانسلرس کو سکریٹری اعلیٰ تعلیم کا مکتوب
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) حکومت نے تمام یونیورسٹیز کو پابند کیا ہے کہ وہ حکومت کی پیشگی اجازت کے بغیر کوئی تقررات عمل میں نہ لائیں۔ سکریٹری اعلیٰ تعلیم نے اس سلسلہ میں تمام ریاستی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کو مکتوب روانہ کیا جس میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات کے سلسلہ میں وضاحت کی گئی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے سابق میں جاری کردہ احکامات کا حوالہ دیا جس میں یونیورسٹیز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ حکومت کی پیشگی اجازت یا پھر حکومت کے تازہ احکامات تک کوئی باقاعدہ، سیلف فینانس، کنٹراکٹ یا آؤٹ سورسنگ اسٹاف کا تقرر عمل میں نہ لائیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ یونیورسٹیز حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر تقررات عمل میں لارہی ہیں۔ وائس چانسلرس سے کہا گیا ہے کہ وہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور کسی طرح کے عارضی تقررات نہ کریں بصورت دیگر متعلقہ افراد کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔ وائس چانسلرس کے علاوہ یونیورسٹیز کے رجسٹرارس کو یہ مکتوب بھیجا گیا ہے۔ر