حیدرآباد۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد نے آج اعلان کیا کہ کیمپس میں مزید تعلیمی سرگرمیوں کی اجازت دی جائیگی ۔ مزید طلبا کو شخصی طور پر یہاں حاضری کی اجازت دی جائے گی ۔ یونیورسٹی نے بتایا کہ مزید 2000 طلبا کو یونیورسٹی کیمپس میں کلاسیس میں شرکت کا موقع دیا جائیگا ۔ وائس چانسلر یونیورسٹی پی اپا راو نے پروفیسر ونود پاورلا کی قیادت والی ٹاسک فورس کی سفارشات کو منظوری دیدی ہے جس کے تحت تمام ٹرمنل سیمسٹر پوسٹ گریجویٹ طلبا جو اپنے پروگرامس جون میں مکمل کرینگے اب یونیورسٹی آسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام پی ایچ ڈی طلبا ‘ سوائے ان کے جنہوں نے 2020-21 پروگرام میں داخلہ لیا ہے ‘ اپنے ریسرچ ورک کیمپس میں شروع کرسکتے ہیں۔ فی الحال یونیورسٹی میں 2020 میں ماسٹرس میں زیر تعلیم طلبا آن لائین کلاسیس جاری رکھ سکیں گے ۔