یوپی حکومت اور پولیس کی زیادتی ناقابل برداشت :راہول۔پرینکا

,

   

ہاتھرس پہنچنے کیلئے پرینکا گاندھی نے خود کار چلائی ، متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کیساتھ ظلم پر شدید برہمی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور اترپردیش کی پارٹی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہاتھرس کی مقتولہ لڑکی کے لواحقین کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی اور پولیس کے طر یقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دھمکایا اور ڈرایا جارہا ہے، اسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔راہول نے کہاکہ اس پیاری بچی اور اس کے کنبہ کے ساتھ اترپردیش حکومت اور اس کی پولیس کے ذریعہ جو سلوک کیاجارہاہے وہ مجھے قبول نہیں ۔ کسی بھی ہندوستانی کو یہ قبول نہیں کرنا چاہئے ۔پرینکا نے کہا کہ اتر پردیش حکومت اخلاقی طور پر کرپٹ ہے ۔ متاثرہ کا علاج نہیں کرایا ، وقت پر شکایت نہیں لکھی ، جسد خاکی کو زبردستی جلایاگیا ، کنبہ قید ہے ، انہیں دبایا جارہا ہے ۔ اب انہیں دھمکی دی جارہی ہے کہ نارکو ٹسٹ ہوگا۔ یہ سلوک اور رویہ ملک کو قبول نہیں ہے ۔ متاثرہ کے گھر والوں کو دھمکیاں دینا بند کیجئے ۔دریں اثنا کانگریس نے ہفتہ کے روز یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ راہول کی قیادت میں پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر سینئر قائدین کی ایک ٹیم آج ہاتھرس کا دورہ کررہی ہے اور متاثرین کے ساتھ پولیس کے رویہ کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرے گی۔پرینکا گاندھی کو ہاتھرس پہنچنے کیلئے کار خود ڈرائیو کرکے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ کار میں ان کے بازو ان کے بھائی راہول گاندھی بیٹھے تھے۔ وہ سلور ٹویوٹا اِننوواکار چلاتے ہوئے ہاتھرس پہنچیں۔ کانگریس کے ایم پی ششی تھرور ان کی کار چلاتے ہوئے تصویر کو ٹوئٹر پر پوسٹ کیا ہے اور لکھا ہے : ’’پرینکا گاندھی ہاتھرس کی طرف رواں دواں۔ یہ ضلع دارالحکومت دہلی سے 200 کیلومیٹر دُور ہے۔ دہلی ۔ اترپردیش سرحد پر پولیس کی بھاری جمعیت تعینات تھی۔ دہلی ۔ نوئیڈا ڈائریکٹ فلائی وے پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔ سرحد پہنچنے پر کانگریس قائدین کو روک دیا گیا۔ ان میں سے صرف دو قائدین کو ہی جانے کی اجازت دی گئی۔ جمعرات کو راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو پولیس نے گرفتار کرکے دہلی بھیج دیا تھا۔ اس کے بعد راہول گاندھی نے ہندی میں ٹوئٹ کرتے ہوئے

“HathrasHorror”
ہیش ٹیاگ لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ یوپی حکومت اور پولیس کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔ کسی بھی ہندوستانی کو یوگی حکومت اور پولیس کی اس طرح کی حرکتوں کو برداشت نہیں کرنا چاہئے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت مجھے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرنے سے نہیں روک سکتی۔ یوگی آدتیہ ناتھ نظم و نسق پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ یو پی حکومت اخلاقی طور پر پستی کا شکار ہوگئی ہے۔اس طرح کا رویہ ملک کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔ حکومت ، ڈرانا اور دھمکانا چھوڑ دے ۔ دلت خاندان کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ بی جے پی حکومت گھناؤنے جرم کے خاطیوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔