یوپی ضمنی انتخابات: ایک پارلیمانی اور2 اسمبلی سیٹوں کیلئے آج ووٹنگ

   

لکھنؤ: اتر پردیش میں پارلیمانی سیٹ مین پوری، اسمبلی حلقے رامپور صدر اور کھتولی پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے لئے 5 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ نتائج کا اعلان 8دسمبر کو ہوگا۔انتخابی مہم کے آخری دن کل سماج وادی پارٹی اوربی جے پی نے اپنے اپنے امیدواروں کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے اپنی پوری طاقت جھونک دی۔مین پوری لوک سبھا سیٹ کے لئے اکھلیش یادو، ان کے چچا رشیوپال یادو اور رام گوپال یادو نے ایس پی امیدوار و سابق ایم پی ڈمپل یادو کی انتخابی مہم میں شرکت کرتے ہوئے متعدد میٹنگیں اور روڈ شو کئے۔وہیں بی جے پی نے بھی اپنے امیدوار رگھوراج شاکیہ کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے ڈور ٹو ڈور پہنچ کر عوام سے پارٹی امیدوار کے لئے ووٹ مانگے۔ مین پوری لوک سبھا سیٹ پر ضمنی الیکشن ملائم سنگھ یادو کے انتقال کی وجہ سے ہورہا ہے۔مین پوری کو ایس پی کا رسوخ والا علاقہ سمجھا جاتا ہے اور اس سیٹ پر پارٹی کاسال 1992 سے لگاتار قبضہ ہے۔ایس پی نے اکھلیش یادو کی بیوی و سابق ایم پی ڈمپل یادو کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ دو اسمبلی نششتوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں رامپور صدر سیٹ پر ایس پی لیڈر اعظم خان کا وقار داؤ پر ہے۔اس سیٹ پر ایس پی نے اعظم کے قریبی عاصم راجا کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔یہ سیٹ نفرت انگیز تقریر کے معاملے میں اعظم کو عدالت سے تین سال کی سزا ہونے کے بعد اسمبلی سے ان کی رکنیت منسوخ ہونے سے خالی ہوئی ہے۔ بی جے پی نے اعظم کے سیاسی حریف آکاش سکسینا عرف ہنی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔اسمبلی الیکشن میں آکاش کو اعظم خان سے 55141 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔لیکن اس بار بی جے پی نے اعظم کے اس قلعہ کو فتح کرنے کے لئے کوئی بھی کسر باقی نہیں لگا رکھی ہے۔اسمبلی سیٹ مظفر نگر کی کھتولی پر بی جے پی امیدوار راج کماری سینی اور ایس پی اتحادی آر ایل ڈی کے امیدوار مدھ بھیا کے درمیان مقابلہ ہے۔ یہ سیٹ بی جے پی ایم ایل اے وکرم سنگھ سینی کے سزا یافتہ ہونے کے بعد ان کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی ہے۔راج کماری ،وکرم سینی کی بیوی ہیں۔
وکرم سینی کو مظفر نگر کے کوال میں سال 2013 میں ہوئے فساد کے معاملے میں ایک سال کی سزا ہوئی ہے۔