یوپی میں مذہبی مقامات سے لاؤڈاسپیکرس تیزی سے غائب

,

   

صرف لکھنؤ میں 433 اسپیکرس نکال دیئے گئے، کئی مقامات پر آواز دھیمی کی گئی

لکھنؤ : اترپردیش میں مذہبی مقامات سے لاؤڈاسپیکرس کو نکالنے کی مہم میں تیزی آرہی ہے اور چہارشنبہ تک صرف لکھنؤ میں مختلف مذہبی مقامات سے 433 لاؤڈاسپیکرس نکالے جاچکے تھے۔ ضلع سیتاپور میں 683 اسپیکرس ہٹادیئے گئے اور 395 اسپیکرس کی آواز قواعد کے مطابق کم کردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مندروں، مسجدوں ، گردواروں، چرچوں اور میریج ہالس کو رہنمایانہ خطوط سے واقف کراتے ہوئے ان کی تعمیل کرنے کی انہیں ترغیب دی جارہی ہے۔ ہوم ڈپارٹمنٹ نے پولیس اسٹیشنوں کو ہدایت دے رکھی ہیکہ ایسے تمام مقامات کی فہرست تیار کریں جہاں لاؤڈاسپیکرس بڑی آواز سے چلائے جاتے ہیں۔ 30 اپریل تک محکمہ کو رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اے سی پی قیصرباغ ، لکھنؤ یوگیش کمار نے کہا کہ عدالت اور حکومت کے احکام کے مطابق ہر کسی کو صوتی آلودگی سے واقف کرایا جارہا ہے اور یہی اطلاع مندروں، مساجد، گردواروں، گرجاگھروں اور دیگر مقامات کو بھی دی جارہی ہے۔ لوگ رہنمایانہ خطوط کی تعمیل کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے جون 2005ء میں عوامی جگہوں پر رات 10 بجے اور صبح 6 بجے کے درمیان لاؤڈاسپیکرس اور میوزک سسٹمس کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی ۔ہنگامی صورتحال میں استثنیٰ دیا گیا۔