یوپی کی وزیر نے رام چرترمانس پر تبصرہ کرنے والے بہار کے اپنے ہم منصب کو تنقید کا نشانہ بنایا

,

   

مذکورہ آر جے ڈی لیڈر نے یہ تبصرہ اس وقت کیاتھا جب وہ نالندہ اوپن یونیورسٹی کے 15ویں کنویشن تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ بہار کے گورنر پھاگو چوہان بھی تقریب میں موجو د تھے


جھانسی۔ ریاستی وزیربرائے سکنڈری ایجوکیشن گلا ب دیوی نے رام چرتر مانس پر ریمارکس کرنے والے بہار کے وزیرتعلیم چندرشیکھر کو شدید تنقید کانشانہ بنایاہے۔ انہو ں نے کہاکہ ”رام چرتر مانس سے وہ واقف نہیں ہیں۔ جو اس مقدس کتاب کے متعلق جانکاری نہیں رکھتے‘وہ اچھا بیان نہیں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی محدود جانکاری سے بات کی ہے۔

وہ نہیں جانتے کہ رام چرتر مانس ہمیں انسانیت اور سماجیت کا درس دیتی ہے“۔ حال ہی میں چندرشیکھر نے کہاتھا کہ ”رام چرتر مانس سماج میں نفرت پھیلاتی ہے“۔مذکورہ آر جے ڈی لیڈر نے یہ تبصرہ اس وقت کیاتھا جب وہ نالندہ اوپن یونیورسٹی کے 15ویں کنویشن تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

بہار کے گورنر پھاگو چوہان بھی تقریب میں موجو د تھے۔اس بیان نے ایودھیامیں سادھو سنتوں کو برہم کردیاہے۔مہنت پرام ہنس داس برائے تاپسوری چھاونی نے بہار کے وزیر تعلیم کے لئے 10کروڑ کے انعام کا اعلان کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ جو کوئی بھی بہار کے وزیرتعلیم چندرشیکھر کی زبان لائے گا اس کو 10 کروڑ کاانعام دیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایسے منسٹر کوفوری ہٹادینا چاہئے۔

رام جنم بھومی مندر کے چیف سادھواچاریہ ستیندر داس نے اس بیان پر سخت ناراضگی کااظہار کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مذکورہ منسٹر کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی تو سادھو او رسنت خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

جگت گرو پرم ہنس اچاریہ نے بھی وزیرکی عہدے سے فوری برطرفی کا مطالبہ کیا وارکہاکہ وزیرکے بیان سے سارے ملک کو ٹھیس پہنچی ہے۔

انہو ں نے وزیر سے ان کے ریمارکس پر معافی کی استفسار کیا اورکہاکہ رام چرتر مانس لوگوں کوجوڑے اور انسایت قائم کرنے والی ایک کتاب ہے۔