ماسکو : روس کے علاقے کرسک کے ڈپٹی گورنر الیکسی سمیرنوف نے یوکرین مسلح افواج کی طرف سے کرسک پر میزائل حملے کا اعلان کیا ہے۔ٹیلی گرام سے جاری کردہ بیان میں سمیرنوف نے کہا ہے کہ یوکرین کا فائر کردہ میزائل شہر کی ایک کثیر المنزلہ عمارت پر گرنے کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ میزائلوں کو روس فضائی دفاعی سسٹموں کی طرف سے ناکارہ بنا دیا گیا ہے لیکن ایک میزائل کثیر المنزلہ رہائشی عمارت پر گرنے کی وجہ سے 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔بلگورود کے گورنر ویاچسلاف گلاڈکوف نے بھی کہا ہے کہ یوکرینی فوج کے توپچیوں نے علاقے کے شہر شبیکینوف پر حملہ کیا ہے۔گلاڈکوف کے مطابق حملے کے نتیجے میں دو گھروں میں آگ لگ گئی۔ حملے میں زخمی ہونے والے 5 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یوکرین مسلح افواج نے 6 اگست کو روس کے علاقے کرسک پرحملوں کا آغاز کیا جس کے بعد دونوں افواج کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔روس وزارتِ ہنگامی حالات نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کرسک میں الارم کو”وفاقی ایمرجنسی” سطح تک بلند کر دیا گیا ہے۔ جھڑپوں کی وجہ سے 76 ہزار سے زائد افراد کو علاقے سے نکال لیا گیا اور ملک کے 8 مختلف علاقوں میں تقریباً 60 عارضی رہائشی مراکز قائم کر دئیے گئے ہیں۔