یوکرین سے اظہار یکجہتی ،برطانیہ میں یورپی قائدین کا اجلاس

,

   

لندن: امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے درمیان کشیدگی کے بعد یوکرین سے اظہار یکجہتی کیلئے برطانیہ میں یورپی قائدین کا سربراہی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ یورپی ممالک کو یوکرین کی سلامتی کیلئے دفاعی کوششیں بڑھانی ہوں گی کیونکہ یوکرین کی سلامتی میں پورے براعظم کا استحکام ہے۔ اجلاس میں یوکرینی صدر زیلنسکی کے علاوہ کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کے سربراہان سمیت نیٹو کے سکریٹری جنرل، یورپی کمیشن اور یورپین کونسل کے صدور شریک رہے۔ اجلاس میں روس۔ یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں اور وسیع تر یورپی دفاع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے قبل اٹلی کے وزیراعظم جارجیا میلونی کی برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر اور یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات ہوئی جس میں یوکرین تنازعہ کے حل پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں اٹلی کے وزیراعظم جارجیا میلونی کا کہنا تھا کہ یوکرین پر مغربی ممالک کی تقسیم کے خطرے سے بچنا بہت ضروری ہے۔ مغربی ممالک کے درمیان برطانیہ اور اٹلی پل کا کام کرسکتے ہیں۔صدر یوکرین کے دورہ امریکہ کے موقع پر ٹرمپ کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد عالمی سطح پر یہ مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔