حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ یوکرین میں پھنسے ہوئے تلگو ریاستوں کے طلبہ کے بشمول تمام ہندوستانیوں کو بحفاظت لانے کیلئے مرکزی حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ اس معاملے میں وزیراعظم نریندر مودی بہت زیادہ سنجیدہ ہے۔ انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے تمام ہندوستانی باشندوں کو بحفاظت وطن واپس لانے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزارت خارجہ اس سلسلہ میں یوکرین کی حکومت سے رابطہ میں ہے۔ جی کشن ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ مرکزی حکومت تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔ مرکزی وزیرسیاحت نے روس اور یوکرین کے درمیان گھمسان جنگ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ صرف مذاکرات کے ذریعہ مسائل اور تنازعات کو حل کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی ساری دنیا کیلئے مثالی ثابت ہورہی ہے۔ ہندوستانی طلبہ اور شہریوں کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی طیاروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہندوستانیوں کو منتقل کرنے کیلئے پلان اے ۔ بی اور سی پر عمل کیا جارہا ہے۔ طلبہ کے زیرتعلیم یونیورسٹیز اور ہاسٹلس کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ وہ ہندوستانی طلبہ سے صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے اور نہ گھبرانے کی اپیل کررہے ہیں۔ محکمہ خارجہ کی جانب سے تمام انتظامات کئے جارہے ہیں۔ن