یوکرین سے واپس طلبہ میڈیکل کالجس میں نشستوں کے منتظر

   

حکومت نے وعدے کی تکمیل نہیں کی، جی نارائن ریڈی کی تنقید
حیدرآباد۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) یوکرین میں جنگ کے بعد وطن واپس ہونے والے طلبہ کو میڈیسن کی تعلیم جاری رکھنے کے لئے حکومت کی جانب سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ حکومت نے میڈیکل طلبہ کو مقامی کالجس میں نشستیں فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا۔ اسی دوران بی جے پی کے قائد جی نارائن ریڈی نے چیف منسٹر سے اس معاملہ میں مداخلت اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے یوکرین سے واپس ہونے والے طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے کا موقع فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 700 طلبہ یوکرین میں میڈیسن کی تعلیم ترک کرتے ہوئے وطن واپس ہو چکے ہیں۔ یہ طلبہ مارچ میں وطن واپس ہوئے اور اس وقت سے میڈیکل کالجس میں داخلوں کا انتظار کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے طلبہ کی بحفاظت واپسی کا انتظام کیا جبکہ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی میں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 ماہ سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر ہے۔ ریاستی حکومت نے نشستوں میں اضافے کے لئے مرکز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کی کوشش کی ہے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ حکومت کو تعلیمی سال ضائع کرنے کی بجائے فوری طور پر اپنے موقف کی وضاحت کرنی چاہئے تاکہ طلبہ کسی متبادل کورس کو اختیار کریں۔ ر