نیویارک: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کے مطابق انھوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو آگاہ کر دیا ہے کہ یوکرین میں روس کا فوجی آپریشن بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ گوٹیرس نے پوتن کو یہ بات روسی شہر قازان میں برکس سربراہی اجلاس کے ضمن میں ہونے والی ملاقات میں کہی۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ گوٹیرس نے پوتن سے ملاقات کے دوران اس موقف کو کئی بار دہرایا کہ یوکرین پر روسی کا حملہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ گوٹیرس نے ایک بار پھر باور کرایا کہ وہ بین الاقوامی میثاق اور قوانین کے مطابق “منصفانہ امن” کی حمایت کرتے ہیں۔گوٹیرس نے ملاقات میں پوتن کو یہ بھی باور کرایا کہ وہ “بحیرہ اسود میں جہاز رانی کی آزادی” کے موقف پر قائم ہیں، یہ یوکرین اور دنیا میں غذا اور توانائی سے متعلق امن کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اس سلسلے میں مذاکرات جاری رکھنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور وہ بالخصوص ترکی کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔