یوکرین پر میزائلوں کی بارش سے بجلی کا نظام پھر معطل

   

ماسکو : روس نے یوکرین پر میزائل برساتے ہوئے ملک بھر میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جس کے بعد شہری محفوظ مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے مقامی عہدیداروں کے حوالے سے کہا کہ اکتوبر کے بعد سے روس نے سب سے زیادہ میزائل آج جمعے کی صبح برسائے جس میں مشرقی علاقے خارکیف کے علاوہ بحیرہ اسود کے قریبی علاقے اوڈیسا اور مغربی یوکرین کو نشانہ بنایا ہے۔میزائل حملے کے بعد دارالحکومت کیئف، خارکیف اور سمی کے علاقے میں اکثر مقامات بجلی کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔روسی حملوں سے کیئف زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا جبکہ فضائی دفاعی نظام بھی ملک بھر میں فعال تھا۔دوسری جانب ریلوے آپریٹرز کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے سے ریلوے لائنز کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔یوکرینی ایوان صدر کے نائب سربراہ کے مطابق ایک رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جس کے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کے ملبے تلے لوگ پھنسے ہوئے ہو سکتے ہیں۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ایپ ٹیلی گرام پر لکھا کہ ’فضائی حملوں سے متعلق انتباہ کو نظرانداز نہ کریں اور شیلٹر میں رہیں۔روس نے اکتوبر سے یوکرین کی توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے شہری بجلی اور گیس کی سہولت سے محروم ہیںروس کا کہنا ہے کہ بنیادی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا عسکری نقطہ نظر سے جائز ہے جبکہ یوکرین کے مطابق شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرنا جنگی جرم ہے۔