ماسکو: روسی فوج نے اعلان کیا ہیکہ اس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب یوکرین کے47 ڈرون طیاروں کو مار گرایا۔ آج جمعہ کی صبح بیان میں روسی فوج نے بتایا کہ ان ڈرون طیاروں میں سے 29 کو یوکرین کے ساتھ سرحد پر واقع علاقہ روستو کی فضاؤں میں نشانہ بنایا گیا۔اس دوران علاقہ میں ایک صنعتی مقام پر زور دار آگ بھڑک اٹھی۔ اس کو بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کے 100 سے زیادہ اہل کاروں کو بھیجا گیا۔ مقامی گورنر نے ٹیلی گرام پر بیان میں کہا کہ علاقہ کو ڈرون طیاروں سے ایک بڑے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملہ کے نتیجہ میں تیل کے ایک گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔ روس کی جانب سے تقریبا روزانہ کی بنیاد پر اپنی سرزمین پر یوکرین کے ڈرون طیارے مار گرانے کا اعلان کیا جاتا ہے۔ یوکرین حکومت کا کہنا ہیکہ ان ڈرون حملوں میں زیادہ تر توانائی کے ٹھکانوں کو حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے، یہ کارروائیاں یوکرین کی اراضی پر روسی بمباری کے جواب میں کی جاتی ہیں۔