یہودی قتل عام کے 75 سال، عالمی قائدین کی ایران پر تنقیدیں

   

یروشلم ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل اور امریکہ جمعرات کے روز ایک مشترکہ بیان دیتے ہوئے ایران کے خلاف کارروائی کئے جانے کا پیغام دیا۔ انہوں نے ایران کا تقابل نازی جرمنی سے کیا۔ عالمی قائدین اس وقت آوشوٹز کی آزادی کے 75 سال کا جشن منانے جمع ہوئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ دنیا اب ایک اور ’’قتل عام‘‘ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ اس وقت یروشلم 40 ممالک کے سربراہان موجود ہیں۔ ان سے خطاب کے دوران نتن یاہو نے یہ بات کہی۔ انہوں نے ایران پر درپردہ وار کرتے ہوئے اسے دنیا کا سب سے بڑا یہودی مخالف ملک قرار دیا اور کہا کہ ہم نے آج تک ایران کے قدم روکنے کیلئے کوئی موثر قرارداد منظور نہیں کی ہے جبکہ ایران کھلے عام نیوکلیئر توانائی کا حامل ملک ہونے اور نیوکلیئر ہتھیار سازی کا تذکرہ کرتا رہتا ہے اور یہ بھی کہتا ہیکہ وہ دنیا کے واحد یہودی ملک اسرائیل کو تباہ و تاراج کردے گا۔