۔11ہندوستانی ماہی گیر گرفتار

   

رامیشورم: سری لنکا کی بحریہ نے غیر قانونی ماہی گیری کے الزام میں 11 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی ماہی گیری کی کشتیوں کو ضبط کر لیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے منگل کو بتایا کہ بین الاقوامی سمندری سرحد کے قریب مچھلیاں پکڑ نے والے رامیشور کے ماہی گیروں کو سری لنکا کی بحریہ کے اہلکاروں نے گرفتار کر لیا ہے ۔ گرفتار کیے گئے 11 ماہی گیر ان 4000 ماہی گیروں میں شامل ہیں جو کل صبح رامیشورم فشنگ جیٹی سے567 کشتیوں میں سمندر میں اترے تھے۔سری لنکا کی بحریہ نے دعویٰ کیا کہ پکڑے گئے ہندوستانی ماہی گیر غیر قانونی طور پر ان کے آبی حدود میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے ۔ سری لنکائی بحریہ کے مطابق ان 11 ہندوستانی ماہی گیروں کو غیر قانونی ماہی گیری کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ڈیلفٹ جزیرے پر شمالی بحریہ کی کمان کی جانب سے کیے گئے خصوصی آپریشن کے ایک حصے کے طور پر گرفتار کیا گیا ہے ۔رواں سال یہ دوسرا موقع ہے جب سری لنکا کی بحریہ نے ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے ۔ اس سے قبل 31 جنوری کو ناگاپٹنم اور کرائیکل میں 21 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔رامیشورم میں ماہی گیروں کی مختلف انجمنوں (اسوسی ایشن)کے رہنماؤں نے سری لنکا کی طرف سے تمل ناڈو کے ماہی گیروں پر مسلسل حملوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ سری لنکا کی قید سے تمام 32 ماہی گیروں کی جلد از جلد رہائی کے لیے اقدامات کریں۔