۔15 مشینوں کا استعمال ، ڈرون کے ذریعہ چھڑکاؤ ، وبائی امراض پر قابو پانے جی ایچ ایم سی کی توجہ

,

   

مچھروں کی افزائش کو روکنے کے اقدامات ، مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ

حیدرآباد۔شہرمیں مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے ڈرون کے ذریعہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو فروغ دینے کے اقدامات کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مزید 11 ڈرون کے ذریعہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں ملیریا‘ ڈینگو ‘ چکن گنیا کے علاوہ دیگر وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے موسی ندی کے اطراف واکناف ڈرون کے علاوہ دیگر مشینوں سے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور شہر کے محلہ جات اور تجارتی علاقوں میں مچھروں کی کثرت پر قابو پانے کے لئے مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے والی 15 مشینوں کو استعمال کیا جارہا ہے ۔ مچھروں کے خاتمہ کیلئے جی ایچ ایم سی میں موجود شعبہ کے عہدیداروں نے شہر میں مچھروں کی افزائش کی صورتحال اور ڈرون کے ذریعہ ادویات کے چھڑکاؤ سے ہونے والے فائدہ کو دیکھتے مزید 11 ڈرون حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈرون کے ذریعہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے فیصلہ کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ندیوں اور تالابوں کے علاوہ اطراف کے علاقوں اور نالوں میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے لئے ان ڈرونس کے استعمال کا فیصلہ کیا تھا جس کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں ۔عہدیداروں نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے اقدامات کے ساتھ شہر یوں میں شعور بیداری مہم چلائی جائے گی اور شہرکے ان علاقوں میں جہاں سے ملیریا اور چکن گنیا کے علاوہ دیگر وبائی امراض کا شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ان علاقوںمیں بہتر صفائی اور ترجیحی بنیادوں پر مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں موسم باراں کے ساتھ ہی شروع ہونے والے وبائی امراض پر قابو پانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے جی ایچ ایم سی اعلی عہدیداروں نے زونل سطح کے عہدیداروں کو اس بات کی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان حالات میں جبکہ ریاست اور ملک میں کورونا وائرس کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے ایسے میں مچھروں کی افزائش کو روکتے ہوئے ملیریا‘ ڈینگو‘ چکن گنیا اور دیگر وبائی امراض پر قابو پانے کی ممکنہ کوشش کریں ۔