۔27 فبروری کو سنگارینی کے وظیفہ یابان کا نیم برہنہ مظاہرہ

   

حیدرآباد 19 فبروری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہ وہ سری رام پور میں گذشتہ سال 27 فبروری کو سنگارینی کالریز لمیٹیڈ کے وظیفہ یابان سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کریں تلنگانہ آل پنشنرس اینڈ ریٹائرڈ پرسنس اسوسی ایشن نے آج اعلان کیا کہ کالریز کے وظیفہ یابان کی جانب سے 27 فبروری کو کتہ گوڑم ‘ ایلندو ‘ گودھواری کھنی اور سری رام پور میں سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کے دفاتر پر نیم برہنہ مظاہرہ کیا جائیگا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسوسی ایشن کے صدر پی کرشنا مورتی ‘ جنرل سکریٹری ایم این ریڈی اور دوسروں نے کہا کہ چیف منسٹر نے وظیفہ یابوں کو مفت طبی سہولیات ‘ وظیفہ میں اضافہ اور ڈبل بیڈ روم مکانات کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک یہ وعدے پورے نہیں ہوئے ہیں حالانکہ ایک سال گذر چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ریاست میں معمرین کو دئے جانے والے وظیفہ کو بڑھا کر 2016 روپئے کردیا جائیگا تاہم سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کے وظیفہ یابان اس اسکیم کے اہل نہیں ہیں کیونکہ وہ پہلے ہی کمپنی سے پنشن حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ سے اس کے وعدوں کی تکمیل کیلئے بارہا نمائندگیاں کی گئیں لیکن کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ اس لئے اب انہوںنے 27 فبروری کو سنگارینی دفاتر کے روبرو نیم برہنہ احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔