۔8 جون سے ایس ایس سی امتحانات کیلئے ہائیکورٹ کی اجازت

,

   

3 جون کو کورونا کا جائزہ لینے کی ہدایت،امتحانی مراکز پر احتیاطی تدابیرلازمی
حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ایس ایس سی کے مابقی پرچہ جات کے امتحانات کے انعقاد کی حکومت کو اجازت دے دی ہے۔ امتحانات کے انعقاد پر ہائیکورٹ کا حکم التواء تھا جس کی برخاستگی کے لئے حکومت عدالت سے رجوع ہوئی تھی۔ ہائیکورٹ میں خصوصی درخواست کے ذریعہ تلنگانہ حکومت نے بتایا کہ وہ کورونا خطرہ سے متعلق تمام احتیاطی اقدامات کے ساتھ ایس ایس سی امتحانات منعقد کرنے تیار ہے۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت نے آج اِس معاملہ کی سماعت کی اور حکومت کو 8 جون سے ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کی اجازت دے دی۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو امتحانی مراکز اور امتحان ہالس میں کئے جارہے احتیاطی اقدامات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ 3 جون کو ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور 4 جون کو ہائیکورٹ میں رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے کہاکہ ہر پرچہ کے درمیان دو دن کا وقفہ ہونا چاہئے۔

اُنھوں نے امیدواروں کیلئے ہیلپ لائن سنٹر قائم کرنے کی حکومت کو ہدایت دی۔ عدالت نے کہاکہ امتحانات کے موقع پر کورونا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ عدالت نے واضح کیاکہ اگر 3 جون تک کورونا کے کیسیس میں اضافہ ہوتا ہے تو اُس وقت کے حالات کی بنیاد پر عدالت کوئی فیصلہ کریگی۔ واضح رہے کہ ایس ایس سی امتحانات کے دو پرچوں کے انعقاد کے بعد ہائیکورٹ نے امتحانات پر روک لگادی تھی۔ دوسری طرف آندھراپردیش حکومت نے جولائی میں ایس ایس سی امتحانات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر تعلیم سریش نے بتایا کہ کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد امتحانی شیڈول جاری کیا جائے گا۔ آندھراپردیش نے بھی کورونا کے خطرہ کے پیش نظر ایس ایس سی امتحانات کو ملتوی کردیا تھا۔