۔80 زبانوں میں گانے والی 12 سالہ لڑکی

   

ابوظہبی ؍ کوزی کوڈ : سوشل میڈیا پر 12 سالہ ہندوستانی لڑکی کی بڑی دھوم ہے جو 80 مختلف زبانوں میں گانے گا چکی ہے اور اس لڑکی کے مداح صرف ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاست کیرالا کی 12 سالہ سچیتا ستیش ساتویں جماعت کی طالبہ ہے لیکن وہ اپنے والدین کے ہمراہ متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہے۔ سچیتا کی خاص بات یہ ہیکہ وہ پورے سُر اور تال کے ساتھ دنیا بھر کی 80 مختلف زبانوں میں گانا گا سکتی ہے۔ ابتداء میں وہ صرف انگریزی میں گانا گاتی تھی پھر جاپانی زبان میں گانا گانے پر اسے بہت زیادہ پسند کیا گیا تو اس نے دیگر زبانوں میں بھی گانا گانے کا سوچا۔ اب وہ رواں برس 25 ڈسمبر کو ایک کنسرٹ میں 85 زبانوں گانے گا کر اپنی مہارت کا ثبوت دینے کی تیاریاں کررہی ہے اور اگر اس نے یہ کارنامہ انجام دیدیا تو وہ دنیا میں سب سے زیادہ زبانوں میں گانا گانے والی گلوکارہ بن جائے گی۔ سچیتا کا دعویٰ ہیکہ اس نے صرف ایک سال میں 80 زبانوں میں گانا سیکھا ہے۔ عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کیلئے سچیتا نے مزید پانچ زبانوں میںگ انے سیکھنے کی ٹھانی ہے۔ سچیتا کا کہنا ہیکہ اس کا پہلا گانا جاپانی زبان میں تھا۔ اس کے والد کے دوست جاپان کے ڈرمیٹولوجسٹ ہیں۔ جب وہ اس کے گھر آئے تب انہوں نے ایک جاپانی گیت گایا تھا۔ سچیتا کو وہ گیت بہت پسند آیا تھا اسی لئے اس نے وہ گیت گانا سیکھا۔ وہ مزید کہتی ہیکہ اسے گانا سیکھنے میں تقریباً دو گھنٹے لگتے ہیں۔ اگر گانے کے الفاظ آسان ہوں تو وہ جلد سیکھ جاتی ہے اور اگر گانا زیادہ طویل نہیں ہے تو اسے صرف آدھے گھنٹے میں سیکھ لیتی ہے۔ واضح رہیکہ اس وقت ایک میوزک کنسرٹ میں سب سے زیادہ زبانوں میں گانا گانے کا ریکارڈ ایک دیگر ہندوستانی شہری راجو سرینواس کے پاس ہے جس نے 76 زبانوں میں گانے گائے تھے۔