10 سالہ حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے نئی جملہ بازی : اتم کمار ریڈی

   

حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی گذشتہ 10 برسوں کی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے نئی جملہ بازی کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار رگھویر ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سابق اپوزیشن لیڈر کے جانا ریڈی کے ہمراہ انتخابی جلسہ سے خطاب کیا۔ اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں میں کانگریس کو 15 پر کامیابی حاصل ہوگی۔
(سلسلہ صفحہ 2 پر)
انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی لہر ہے اور عوام بی جے پی اور بی آر ایس کو مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اپنا وجود کھوچکی ہے جبکہ بی جے پی کیلئے تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ گذشتہ دس برسوں میں عوامی مسائل کی یکسوئی میں مودی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ تیسری مرتبہ کامیابی کیلئے نئی جملہ بازی کا سہارا لیا جارہا ہے۔ انہوں نے ملک میں بڑھتی بے روزگاری اور مہنگائی کیلئے مودی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ ہر سال 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ بھلادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام بی جے پی کو مسترد کردیں گے۔1